کراچی، کوہاٹ،گلگت بلتستان ، حافظ آباد اور چنیوٹ کے بعد ملتان کے شہریوں کا بھی نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ

کراچی، کوہاٹ،گلگت بلتستان ، حافظ آباد اور چنیوٹ کے بعد ملتان کے شہریوں کا بھی نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ

کراچی، کوہاٹ، گلگت بلتستان، حافظ آباد اور چنیوٹ کے بعد ملتان کے شہر یوں نے بھی نئے صوبوں کے قیام کے لیے آواز بلند کردی، ملتان کے شہریوں نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر انتظامی نظام، عوامی مسائل کے فوری حل اور تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے لیے پاکستان میں مزید صوبے بنائے جانے چاہئیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبے کا درجہ دیا جانا چاہیے تاکہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں کے عوام کو اپنے مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں میں زیادہ نمائندگی مل سکے۔

بڑے صوبوں میں انتظامی مشکلات

ملتان کے شہریوں کا آزاد ڈیجیٹل سے گفتگو میں کہناتھا کہ پاکستان کے بعض صوبے آبادی اور رقبے کے لحاظ سے بہت بڑے ہیں، جس کے باعث حکومت کے لیے تمام علاقوں کے مسائل پر یکساں توجہ دینا مشکل ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام سے حکومتی ادارے عوام کے زیادہ قریب ہوں گے اور شہریوں کو اپنے روزمرہ کے انتظامی اور سرکاری معاملات کے لیے دور دراز شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔

جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا خاتمہ

شہریوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب طویل عرصے سے ترقیاتی سہولیات، انفراسٹرکچر اور سرکاری منصوبوں کے حوالے سے خصوصی توجہ کا مطالبہ کرتا رہا ہے،الگ صوبے کے قیام سے جنوبی پنجاب کے مسائل کو مقامی سطح پر بہتر انداز میں سمجھنے اور حل کرنے میں مدد ملے گی جبکہ علاقے کی ترقی کے لیے زیادہ مؤثر منصوبہ بندی بھی ممکن ہو سکے گی۔

سندھ میں مزید صوبوں کی تجویز

ملتان کے شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان میں انتظامی ضروریات اور عوامی سہولت کے لیے نئے صوبے بنائے جاتے ہیں تو سندھ میں بھی مزید انتظامی صوبوں کے قیام پر غور کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لئے نئے صوبے بنائے جائیں، حافظ آباد اور چنیوٹ کے عوام کا ’’آزاد ڈیجیٹل‘‘ سروے میں مطالبہ

شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام علاقوں کے لیے یکساں اصول ہونا چاہیے اور نئے صوبوں کے معاملے کو کسی مخصوص علاقے یا سیاسی جماعت تک محدود نہیں کرنا چاہیے۔

پیپلز پارٹی سے مطالبہ

شہریوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے بلکہ عوامی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے اس مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر قومی سطح پر مذاکرات اور اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے۔

نئے صوبے عوامی سہولت

ملتان کے شہریوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کا قیام کسی قومیت، زبان یا علاقے کے خلاف نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کا مقصد بہتر حکمرانی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہونا چاہیے۔

شہریوں کے مطابق چھوٹے انتظامی یونٹس بننے سے حکومت عوام کے قریب ہوگی، مقامی مسائل پر فوری توجہ دی جا سکے گی اور ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد ممکن ہوگا۔

وفاق مضبوط ہونے کی امید

ملتا ن کے شہریوں کا کہنا ہے کہ مناسب منصوبہ بندی اور قومی اتفاق رائے کے ساتھ نئے صوبوں کا قیام پاکستان کے وفاقی نظام کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے،وسائل کی منصفانہ تقسیم اور تمام علاقوں کو برابر ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں تو نئے صوبوں کے قیام سے ملک میں انتظامی بہتری اور عوامی سہولت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

حکومت سے عملی اقدامات کا مطالبہ

ملتان کے شہریوں نے حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی پنجاب سمیت ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے،شہریوں کا کہنا ہے کہ عوامی مفاد، بہتر طرز حکمرانی اور ملک کی متوازن ترقی کو سامنے رکھتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام کے لیے سیاسی اور آئینی سطح پر عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

editor

Related Articles