وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے پاکستان کا عالمی وقار بلند کیا،اسحاق ڈار

وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے پاکستان کا عالمی وقار بلند کیا،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اجتماعی سلامتی، تزویراتی تعاون اور علاقائی استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

اسحاق ڈار نے لندن میں پاکستانی برادری سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی حالیہ سفارتی، اقتصادی اور تزویراتی کامیابیوں کو اجاگر کیا،نائب وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں کامیاب سفارت کاری، بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ تعمیری روابط اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کے باعث ملک کی عالمی ساکھ اور اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی سفارتی کوششوں، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے کردار کو بھی اجاگر کیا،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم اور سراہا گیا ہے، جس سے امن کے لیے ایک ذمہ دار اور تعمیری قوت کے طور پر پاکستان کی شناخت مزید مضبوط ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :آبی تنازعات کا حل مذاکرات اور عالمی قوانین کے تحت ہونا چاہیے: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے اسے اجتماعی سلامتی، تزویراتی تعاون اور علاقائی استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ سال بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فتح سے عالمی سطح پر ملک کی عزت، وقار اور ساکھ میں مزید اضافہ ہوا،انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے عزم، صلاحیت اور قومی یک جہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا، جسے دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور دفتر خارجہ کے متحرک کردار کو عالمی سطح پر احترام اور پذیرائی حاصل ہے،انہوں نے کہا کہ قیادت کی مؤثر حکمت عملی نے پاکستان کی سفارتی پوزیشن اور قومی اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔

معیشت کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان معاشی غیر یقینی کی صورتحال سے نکل کر استحکام اور بحالی کی جانب بڑھ رہا ہے،انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتے معاشی اشاریے، ترسیلات زر میں اضافہ اور بیرون ملک پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد سے معاشی بحالی کے مثبت آثار نمایاں ہیں۔

نائب وزیراعظم کے مطابق حکومت پائیدار اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کے لیے زیادہ معاشی امکانات پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر مملکت سے ملاقات، پاک برطانیہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار نے برطانوی پاکستانی برادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے حقیقی سفیر قرار دیا،انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی اقتصادی، سیاسی اور سماجی زندگی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات پاکستان کے لیے باعث فخر ہیں۔

کمیونٹی نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے،نائب وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی ترقی اور ملک کے مثبت تشخص کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھیں۔

تقریب میں شریک پاکستانی برادری نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر مبارک باد دی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دفتر خارجہ کی کاوشوں کو سراہا،شرکا نے حکومت کی سفارتی اور اقتصادی کوششوں کی بھی تعریف کی اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوش حالی کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

editor

Related Articles