نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں برطانیہ کے وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا، ملاقات میں سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ اور افغانستان کی صورتحال سمیت اہم علاقائی پیش رفت بھی زیر غور آئی، دونوں جانب سے خطے میں جاری صورتحال، امن و استحکام اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور برطانیہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔