پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے گریڈ 21 کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران سکندر کی معطلی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران سکندر کو 4 ماہ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔
انتظامی نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان کو 3 سال کے لیے پمز ہسپتال کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا ہے،ڈاکٹر محمد سلمان این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں بھی جاری رکھیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر الطاف حسین کو 3 ماہ کے لیے پمز ہسپتال کا جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے،پمز کے دیگر شعبوں سے متعلق بھی انتظامی تبدیلیوں اور تعیناتیوں کے نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پمز میں پیش آنے والے سانحے پر سخت نوٹس لیتے ہوئےہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر سمیت 8 افراد کو فوری معطل کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کی منظوری دی تھی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر پمز انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا، جبکہ سکیورٹی پر مامور کمپنی اور اس کے عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کی منظوری دی گئی۔
معطل ہونے والوں میں پمز کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور ڈاکٹر اویس علی شاہ بھی شامل ہیں،اس کے علاوہ ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکیورٹی محمد عثمان، سی ڈی اے ایمرجنسی سروس کے ڈی جی عبدالرحمان، نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر سعدیہ ریاض اور ایک سینئر رجسٹرار بھی کارروائی کی زد میں آئے۔
پمز سانحے کے بعد جاری انتظامی اقدامات کے تحت ہسپتال کے مختلف شعبوں میں ذمہ داریوں اور انتظامی امور سے متعلق مزید تبدیلیاں بھی کی جا رہی ہیں۔