آزاد کشمیر کا ترقیاتی ایجنڈا جلدعوام کے سامنے پیش کرینگے ، بیرسٹر افتخار گیلانی

آزاد کشمیر کا ترقیاتی ایجنڈا جلدعوام کے سامنے پیش کرینگے ، بیرسٹر افتخار گیلانی

وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سید افتخار گیلانی نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے دھرنا ختم کرنے اور نئی حکومت کو کام کرنے کا وقت دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو وقت دیا جائے اس کے بعد تمام ایشوز پر بات چیت کے ذریعے پیش رفت کی جا سکتی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سید افتخار گیلانی نے کہا کہ موجودہ حالات سابق حکمرانوں کی کارکردگی کا نتیجہ ہیں۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران بار بار حکومتیں تبدیل ہوتی رہیں جس کے باعث عوام میں احساسِ محرومی پیدا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں اختلافِ رائے ضرور موجود ہے تاہم اختلافات نہیں ہیں۔ سینئر قیادت ان کے لیے قابل احترام ہے اور پارٹی کے تمام رہنما متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مل کر چلائی جائے گی اور عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

 یہ بھی پڑھیں :مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی وزیر اعظم آزاد کشمیر منتخب

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مجھے وزیراعظم بنانے کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد نواز شریف نے کیا تھا میں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا ۔

کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے افتخار گیلانی نے بتایا کہ مشاورت کا عمل جاری ہے جبکہ مہاجرین ممبران کی کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں آزاد کشمیر کا ترقیاتی ایجنڈا عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ حکومت کی ترجیحات میں عوامی مسائل کا حل، گورننس میں بہتری، ترقیاتی عمل کا فروغ اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا شامل ہے۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزاد کشمیر میں بہتری لانے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور عوام کے دل جیتنے کی کوشش کرے گی۔ عوام کی مشکلات کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے بتایا کہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے ملاقات میں آزاد کشمیر کی صورتحال اور درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔ نواز شریف آزاد کشمیر کے تمام مسائل اور ایشوز سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر اسمبلی کے نئے اسپیکرکا اعلان کردیا

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے عوام کی مشکلات اور مسائل پر مناسب توجہ نہیں دی تاہم موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔ اپوزیشن کے کردار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام اپوزیشن کرنا ہے، گزشتہ حکومت کے دور میں مؤثر اپوزیشن موجود نہیں تھی، تاہم اصلاحی تنقید کو حکومت مثبت انداز میں لے گی۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ سکلڈ ڈویلپمنٹ کو فروغ دیا جائے اور نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے صدر کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ حکومت مسئلہ کشمیر کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں گورننس بہتر بنانے اور ترقی کے عمل کو تیز کرنے پر بھی خصوصی توجہ دے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے ایک بار پھر ایکشن کمیٹی سے اپیل کی کہ وہ دھرنا ختم کرے اور نئی حکومت کو کام کرنے کا موقع دے تاکہ عوامی مسائل اور دیگر معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی راہ ہموار کی جا سکے۔

editor

Related Articles