امریکی فورسز نے ایران کے جزیرے لارک پر پاسدارانِ انقلاب کے دو راکٹ لانچرز کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت کو درپیش ممکنہ خطرے کو روکنا تھا۔
امریکی عہدیدار کے مطابق امریکی فورسز نے ان دونوں لانچرز کو اس وقت نشانہ بنایا جب پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار آبنائے ہرمز کی جانب بحری بارودی سرنگیں لے جانے والے راکٹ داغنے کی تیاری کر رہے تھے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فورسز علاقے کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا نے آبنائے ہرمز کی اہم بحری گزرگاہوں سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کی کارروائیاں بھی کی ہیں۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے نے لارک جزیرے کے قریب دھماکے کی اطلاع دی ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی حملے میں ایرانی فوجی اہلکاروں اور عام شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم فوری طور پر جانی نقصان کی حتمی تعداد سامنے نہیں آئی۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق حملے میں متعدد ایرانی فوجی اور شہری متاثر ہوئے ہیں اور حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔