پاکستان کرکٹ بورڈ میں یکے بعد دیگر تبدیلیاں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں ، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے کوچ تبدیل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن جو ابتدائی طور پر شہزاد چارلس کے عشائیے کے لئے ڈائریکٹر ہائی پرفارمینس عاقب جاوید کے ساتھ لندن پہنچے ہیں، لارڈز ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی 194 رنز کی شکست کے بعد اب انھیں ٹیسٹ ٹیم کے معاملات بھی سپرد کرنے کی خبریں ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بورڈ نے مائیک ہیسن سے نا صرف ٹیسٹ ٹیم کے معاملات دیکھنے کو کہا ہے، بلکہ اب وہ برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر 9 ستمبر سے شروع ہونیوالے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کی ٹیم کے ساتھ نہ صرف مصروف ہونگے، بلکہ ڈریسنگ روم میں بھی موجود ہوں گے، جس کے نتیجے میں ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کی مستقبل میں کوچنگ کو شدید خطرات درپیش ہیں ۔
قوی امکان ہے کہ ون ڈے اور ٹی 20 کے بعد مائیک ہیسن ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں بھی سنبھالنے لگے ہیں، اور سرفراز احمد کو انگلینڈ کے دورے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ سے ہٹا دیا جائے گا۔
دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم میں ہنگامی تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ہے ، ذرائع کے مطابق 6 کھلاڑیوں کو پاکستان سے انگلینڈ طلب کر لیا گیا ہے جن میں صائم ایوب اور عرفات منہاس بھی شامل ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد سیریز پہلے ہی گنوا چکی ہے ، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے کھیلا جائے گا۔