شادی کے بعد شوبز اور سوشل میڈیا سے دور رہنے والی معروف اداکارہ رمشا خان نے اپنی نجی زندگی اور شوبز سے کنارہ کشی کے حوالے سے پہلی بار کھل کر گفتگو کی ہے۔
رمشا خان اور اداکار خوشحال خان نے ایک ساتھ دو ڈراموں میں کام کیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان قربت بڑھی اور بعد ازاں انہوں نے اچانک شادی کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔ شادی کے بعد رمشا خان نے شوبز اور سوشل میڈیا سے خود کو دور کرلیا، جس کے باعث ان کے مداحوں میں مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
حال ہی میں رمشا خان کی بہن اور سوشل میڈیا انفلوئنسر علیشا خان کی شادی کی تقریبات کے دوران بھی رمشا اور خوشحال خان کم ہی نظر آئے۔ سوشل میڈیا پر جوڑے کی ایک تصویر سامنے آئی، جس میں دونوں کو ماسک اور چشمہ پہنے دیکھا گیا۔ ان کی کم موجودگی کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے قیاس آرائیاں کیں کہ شاید رمشا خان پر کسی قسم کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
تاہم اب اداکارہ نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ان تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔ رمشا خان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر یا سسرال کی جانب سے ان پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی مرضی سے کیمرے کے سامنے نہیں آنا چاہتیں اور نہ ہی سوشل میڈیا پر اپنے نام سے کسی قسم کی سرگرمی یا ہیش ٹیگ دیکھنا پسند کرتی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق وہ اپنی ازدواجی زندگی سے خوش ہیں اور اب ایک نجی شہری کی حیثیت سے زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔ رمشا خان کے اس بیان کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ شوبز اور سوشل میڈیا سے دوری ان کا ذاتی فیصلہ ہے، جس کا تعلق کسی دباؤ یا پابندی سے نہیں۔