یو ایس اوپن میں بڑا اپ سیٹ ، نوواک جوکووچ پہلے ہی راؤنڈ میں باہر

یو ایس اوپن میں بڑا اپ سیٹ ، نوواک جوکووچ پہلے ہی راؤنڈ میں باہر

ٹینس کے مایہ ناز کھلاڑی نوواک جوکووچ یو ایس اوپن کے پہلے ہی راؤنڈ میں نوجوان حریف ماریانو ناوونے کے ہاتھوں حیران کن طور پرشکست کھا گئے۔

24 گرینڈ سلیم جیتنے والے 39 سالہ سربین کھلاڑی چار گھنٹے 36 منٹ جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 6-7، 7-5، 6-4، 2-6 اور 1-6 سے ہار گئے۔

یہ جوکووچ کے کیریئر میں کسی بھی گرینڈ سلیم کے ابتدائی راؤنڈ کا طویل ترین مقابلہ تھا، جبکہ دو دہائیوں بعد یہ پہلا موقع ہے جب وہ کسی گرینڈ سلیم کے پہلے راؤنڈ سے ہی باہر ہوئے ہیں۔

مقابلے کے دوران نوواک جوکووچ جسمانی مشکلات سے دوچار دکھائی دیے ، وہ ایک موقع پر اُلٹی کرتے نظر آئے، جبکہ بعد ازاں بائیں پاؤں میں کھچاؤ کے باعث بھی تکلیف میں مبتلا ہوئے۔

ڈاکٹر سے دوا لینے کے علاوہ میڈیکل ٹائم آؤٹ کے دوران ان کی کمر پر مساج بھی کیا گیا ،  جوکووچ نے میچ میں 70 غیر ضروری غلطیاں کیں ۔

شکست کے بعد نوواک جوکووچ کا کہنا تھا کہ جسمانی مسائل کے باعث وہ اپنا بہترین کھیل پیش نہ کر سکے، جبکہ آخر میں کمر اور کندھے کی تکلیف نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ  ان کا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس سے دستبردار ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں میرے لیے گرینڈ سلیم میں پانچ سیٹوں پر مشتمل میچ میں بہترین کھلاڑیوں کا مقابلہ کرنا بہت مشکل ہوگا ، میں گرینڈ سلیم سے دستبردار نہیں ہو رہا،  مسلسل جدوجہد جاری رکھوں گا اور کوشش کروں گا کہ فائنل تک پہنچوں اور ایک اور ٹرافی کے لیے مقابلہ کر سکوں۔

دوسری جانب 25 سالہ ارجنٹائن کے کھلاڑی ناوونے، جنہوں نے رواں سال کے آغاز میں اپنا پہلا اے ٹی پی سنگلز ٹائٹل جیتا تھا، ہمت نہیں ہارے ۔

۔ ناوونے نے پانچ سیٹوں پر مشتمل میچ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی، جسے انہوں نے “خواب پورا ہونے” کے مترادف قرار دیا

editor

Related Articles