آج سے مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہوگئی ہیں، جس کے بعد محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا آخری سپیل آج دوپہر کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے ، اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
بالائی علاقوں میں بھی بارش متوقع
مری اور گلیات سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بارش کے باعث بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد اور خنک ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے ، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، پشاور، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 6 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے، اس دوران بالائی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسیں گے
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ ان علاقوں میں جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور گجرات شامل ہیں۔
سندھ اور بلوچستان کی صورتحال
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو بارش کے دوران احتیاط کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ بالائی علاقوں کا رخ کرنے والے افراد موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا فیصلہ کریں۔