ماں کی موت کے 20 منٹ بعد جڑواں بچوں کی زندہ پیدائش، حیران کن واقعہ

ماں کی موت کے 20 منٹ بعد جڑواں بچوں کی زندہ پیدائش، حیران کن واقعہ

مصر میں ایک خاتون کی موت کے تقریباً 20 منٹ بعد ڈاکٹروں نے ہنگامی آپریشن کے ذریعے اس کے رحم سے جڑواں بچوں کو زندہ بچا لیا ۔ غیر معمولی واقعے نے طبی حلقوں اور عوام کی خاص توجہ حاصل کرلی ہے۔

یہ واقعہ مصر کے سوہاگ گورنری میں پیش آیا جہاں 26 سالہ خاتون کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد سقلتہ اسپتال کے ہنگامی شعبے میں لایا گیا۔ ڈاکٹروں نے خاتون کی جان بچانے کے لیے فوری طبی اقدامات کیے تاہم تمام کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکی۔

خاتون کی حالت انتہائی تشویش ناک ہونے کے باوجود طبی عملے نے الٹراساؤنڈ کے ذریعے رحم میں موجود بچوں کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران ڈاکٹروں کو دونوں بچوں کے دل دھڑکتے ہوئے محسوس ہوئے۔ اس صورتحال نے طبی ٹیم کو فوری فیصلہ کرنے پر مجبور کردیا کیونکہ ماں کی موت کے بعد رحم میں موجود بچوں کی زندگی بچانے کے لیے انتہائی محدود وقت دستیاب تھا۔

 یہ بھی پڑھیں :جڑواں بچوں کا ڈی این اے مختلف آسٹریلیا میں انوکھا کیس عدالت پہنچ گیا

الٹراساؤنڈ میں بچوں کی دل کی دھڑکن کی تصدیق ہونے کے بعد اسپتال میں ہنگامی آپریشن کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔ سرجری کے لیے جراحی۔ بے ہوشی اور بچوں کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔ خاتون کو آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا جہاں طبی ماہرین نے ہنگامی طور پر سیزیرین آپریشن کیا۔

ڈاکٹروں کی بروقت کوششوں کے نتیجے میں دونوں بچوں کو زندہ بچا لیا گیا ۔ تاہم پیدائش کے فوراً بعد دونوں نومولود بچوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ طبی عملے نے فوری طور پر انہیں اسپتال کے نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کردیا جہاں ان کا علاج اور مسلسل نگرانی شروع کردی گئی۔

طبی ماہرین کے مطابق ایسے غیر معمولی حالات میں چند منٹ بھی انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مشیر عمرو حسن نے اس واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماں کی موت کے بعد رحم میں موجود بچوں کی بقا کے لیے طبی مداخلت کی رفتار فیصلہ کن کردار ادا کرسکتی ہے۔

انہوں نے مصر میں زچگی کے دوران ہونے والی اموات کے اعداد و شمار کا بھی حوالہ دیا۔ ان کے مطابق 2025 کے دوران ملک میں زچگی کے دوران 867 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ان میں 28.1 فیصد اموات شدید خون بہنے سے جبکہ 15.2 فیصد ہائی بلڈ پریشر سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے منسلک تھیں۔

 یہ بھی پڑھیں :عجیب الخلقت نومولود کی پیدائش،اسپتال میں لوگوں کا ہجوم

اس غیر معمولی واقعے نے ایک مرتبہ پھر زچگی کے دوران ہنگامی طبی سہولیات کی اہمیت کو اجاگر کردیا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات میں ماں کی حالت کے ساتھ ساتھ رحم میں موجود بچے کی کیفیت کا فوری جائزہ لینا ضروری ہوتا ہے۔ بروقت تشخیص اور فوری آپریشن بعض انتہائی پیچیدہ حالات میں بچوں کی زندگی بچانے کا امکان پیدا کرسکتا ہے۔

مصر میں پیش آنے والے اس واقعے کو طبی حوالے سے غیر معمولی قرار دیا جارہا ہے کیونکہ خاتون کی موت کے بعد بھی دونوں بچوں میں زندگی کی علامات موجود تھیں اور ڈاکٹروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں زندہ دنیا میں لانے میں کامیابی حاصل کی۔

editor

Related Articles