بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک خاتون نے ایسے بچے کو جنم دیا ہے جس کے 4 ہاتھ اور 4 پاؤں ہیں، نومولود کی غیر معمولی جسمانی ساخت نے اسپتال کے عملے اور اہل خانہ کو حیران کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے لواکش نگر کی 29 سالہ خاتون نیتا کو زچگی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس نے تقریباً 6 پاؤنڈ وزنی بچے کو جنم دیا۔
پیدائش کے بعد معلوم ہوا کہ نومولود کا سر ایک ہے، تاہم اس کے 4 ہاتھ اور 4 پاؤں ہیں۔ بچے کے سینے اور پیٹ کے اوپری حصے سے ایک اضافی جسمانی ساخت جڑی ہوئی ہے، جس کے اپنے بازو اور ٹانگیں بھی موجود ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق یہ ہیٹروپیگس پیدائشی نقص کا معاملہ ہوسکتا ہے، جسے پیراسیٹک ٹوئننگ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کیفیت میں جڑواں بچوں میں سے ایک کی نشوونما مکمل نہیں ہوپاتی اور اس کا جسم یا بعض اعضا دوسرے مکمل نشوونما پانے والے بچے کے جسم سے جڑے رہتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بچے کی حالت کی مکمل نوعیت جاننے کے لیے مختلف طبی اسکین اور تفصیلی معائنے کیے جائیں گے۔
ماں اور نومولود کو ابتدائی طور پر لواکش نگر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں زیر نگرانی رکھا گیا، بعد ازاں انہیں مزید علاج اور معائنے کے لیے چھترپور ضلع اسپتال منتقل کردیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نومولود کو مزید جانچ اور علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے جبل پور میڈیکل کالج منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
ماہرین بچے کے خون کی گردش، ہڈیوں، خون کی نالیوں اور اضافی اعضا کے اندرونی جسمانی نظام سے تعلق کا جائزہ لیں گے، جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ اضافی اعضا کو سرجری کے ذریعے الگ کرنا ممکن ہے یا نہیں۔
دوسری جانب غیر معمولی بچے کی پیدائش کی خبر پورے علاقے میں تیزی سے پھیل گئی، جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد اسے دیکھنے کے لیے اسپتال پہنچ گئی۔