بارش کے باعث بجلی کی بندش، آئیسکو نے وضاحت جاری کردی

بارش کے باعث بجلی کی بندش، آئیسکو نے وضاحت جاری کردی

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں بعض علاقوں میں بجلی کی عارضی بندش کی وجہ بتاتے ہوئے وضاحت جاری کردی۔

آئیسکو کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں مختلف مقامات اور گھروں میں پانی جمع ہوگیا ہے،بیان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر صارفین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ فیڈرز پر بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل کی گئی ہے۔

صارفین کی حفاظت

آئیسکو کا کہنا ہے کہ بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل کرنے کا مقصد صارفین کو کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے محفوظ رکھنا ہے،آئیسکو انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ حالات معمول پر آنے کے بعد بجلی کی فراہمی بحال کی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں :بجلی بندش کا اعلان، کون سے علاقے متاثر ہوں گے ؟

راول ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے

دوسری جانب اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں موسلادھار بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جس کے بعد اسپل ویز کھول دیے گئے،اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751 فٹ تک پہنچ گئی تھی، جس کے بعد اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ادارے ہائی الرٹ

ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹاجاسکے،انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ندی نالوں، برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

editor

Related Articles