این ڈی ایم اے کا گلیشیائی جھیلیں پھٹنے سے ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کا گلیشیائی جھیلیں پھٹنے سے ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث ممکنہ سیلاب کے خطرے کا الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق جاری مون سون بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

حساس علاقے

غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو، گانچھے، کھرمنگ اور وادی نیلم کے علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے،چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، بونیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

مسلسل نگرانی کی ہدایت

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس گلیشیئرز، جھیلوں، دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے،اتھارٹی نے عوام سے کہا ہے کہ گلیشیئرز سے آنے والے دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

غیر معمولی صورتحال 

این ڈی ایم اے کے مطابق پانی کی سطح میں اچانک اضافے، پانی کے رنگ میں غیر معمولی مٹیالے پن یا گلیشیئرز کے قریب کسی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں :این ڈی ایم اے کا سیلاب کے خطرے سے متعلق اہم الرٹ جاری

2 سے 5 ستمبر تک بارشیں

این ڈی ایم اے نے خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں بھی گرج چمک کے ساتھ شدید اور موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے،اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں 2 سے 5 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بالائی علاقوں میں بھی بارش

دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان اور پشاور میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سیلاب کا خدشہ

این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

غیر ضروری سفر سے گریز

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں،مقامی انتظامیہ کو بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے، حساس علاقوں میں ضروری وسائل پیشگی منتقل کرنے اور ممکنہ طور پر متاثرہ آبادیوں کے محفوظ انخلا کے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیلابی پانی عبور نہ کریں

این ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ سیلابی نالوں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور تیز آبی بہاؤ کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور کرنے سے گریز کریں اور جاری کردہ ٹریفک ہدایات پر عمل کریں۔

لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور اچانک آنے والے سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے سفر سے قبل موسم کی تازہ ترین پیشگوئی اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں :بارشو ں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

سیاحوں کو احتیاط کی ہدایت

اتھارٹی نے سیاحوں اور مسافروں کو بھی ندی نالوں اور دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، تیز بہاؤ والا پانی بظاہر کم گہرا ہونے کے باوجود انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے اور انسانوں یا گاڑیوں کو بہا لے جانے کا سبب بن سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ کسی بھی شدید بارش یا ممکنہ خطرے کی وارننگ کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور انتظامیہ کی جانب سے بند کی گئی سڑکوں پر سفر ہرگز نہ کریں،عوام کو موسمی صورتحال، ابتدائی انتباہات اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات سے باخبر رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

editor

Related Articles