ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ میں اداکار نمیر خان کی جاندار اداکاری نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی، شائقین نے انہیں مستقبل کا سپر اسٹار قرار دے دیا۔
ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ میں شہریار منور، درفشاں سلیم، نمیر خان، ثانیہ سعید، فاران طاہر، دانیہ انور، رومیسہ خان، نادیہ افگن، عدنان شاہ ٹیپو، نورے ذیشان، سحر ہاشمی، صبا حمید، محمود اسلم اور عدنان جعفر سمیت دیگر فنکار اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈرامے کی کہانی معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے جبکہ ثاقب خان اس کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ڈرامے کی حالیہ اقساط میں نمیر خان کے کردار ’ضامل‘ کی زندگی میں آنے والی تبدیلی کو نمایاں کیا گیا ہے۔ ضامل اپنی زندگی پر غور کرتے ہوئے تبلیغ کے لیے جاتا ہے اور نماز کی پابندی شروع کردیتا ہے۔ بعد ازاں ضامل، درفشاں سلیم کے کردار ’زریاب‘ کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے امریکا روانہ ہوجاتا ہے، تاہم وہاں پہنچ کر اسے ایک مختلف ماحول کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
امریکا میں ضامل کلب بھی جاتا ہے اور بعد میں اپنے دوست سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کرتا ہے کہ وہ امریکا میں رہتے ہوئے دین سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ اس موقع پر اس کا دوست اسے اہم مشورہ دیتا ہے۔ نمیر خان کی جانب سے ضامل کے کردار میں جذبات اور اندرونی کشمکش کی عکاسی کو مداحوں کی جانب سے خاص طور پر سراہا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ نمیر خان نے کردار کو محض ادا نہیں کیا بلکہ اس کے جذبات کو بھی مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔ کئی مداحوں نے ان کی اداکاری کو دیکھتے ہوئے انہیں مستقبل کا سپر اسٹار قرار دیا۔
ایک مداح نے ضامل کے نماز پڑھنے کے منظر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں ایسے لمحات آتے ہیں جب انسان طویل وقفے کے بعد دوبارہ نماز ادا کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ منظر دل کو چھو جاتا ہے۔
مداحوں کے مطابق نمیر خان کی حالیہ اداکاری نے انہیں ڈرامہ انڈسٹری کے نمایاں نوجوان اداکاروں میں شامل کردیا ہے اور آنے والے دنوں میں وہ مزید مضبوط کرداروں کے ساتھ اپنی الگ پہچان بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔