فریال گوہر کے گھریلو تشدد کے الزامات، جمال شاہ نے تردید کردی

فریال گوہر کے گھریلو تشدد کے الزامات، جمال شاہ نے تردید کردی

معروف اداکار جمال شاہ نے سابق اہلیہ اور اداکارہ و مصنفہ فریال گوہر کی جانب سے شادی کے دوران گھریلو تشدد کے لگائے گئے سنگین الزامات کی تردید کردی ہے۔

حالیہ انٹرویو میں فریال گوہر نے اپنی پہلی شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی شادی 23 برس کی عمر میں ان کی اپنی پسند سے ہوئی تھی اور ابتدا میں ان کا خاندان بھی اس رشتے پر خوش تھا۔

فریال گوہر کے مطابق شادی کے بعد انہیں کئی مرتبہ مبینہ طور پر چمڑے کی بیلٹ سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل جسمانی تشدد کے باعث انہیں اپنی چوٹیں چھپانا پڑتی تھیں اور بعض اوقات درد کی شدت کے باعث وہ تعلیمی کلاسز میں بھی شرکت نہیں کر پاتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:بادشاہ اور ایشا رِکھی کی محبت سے شادی تک کی کہانی، پھر اچانک علیحدگی

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ کمر پر تشدد کے باعث انہیں گردوں کے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور اس صورتحال کے نتیجے میں انہیں متعدد سرجریز بھی کروانا پڑیں۔ فریال گوہر نے اپنی زندگی کے ایک انتہائی تکلیف دہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جڑواں بچوں کی امید سے تھیں اور اس حمل کے حوالے سے بہت پُرامید تھیں، تاہم ان کے مطابق مبینہ تشدد کے باعث ان کا حمل ضائع ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد ڈاکٹر نے انہیں مشورہ دیا کہ دوبارہ حمل ٹھہرنے سے پہلے وہ اپنی ازدواجی زندگی کی صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لیں۔ فریال گوہر کے مطابق اسی مرحلے پر انہوں نے پہلی بار اپنی شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب جمال شاہ نے فریال گوہر کے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ باتیں درست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ فریال گوہر کے لیے دعا کرتے ہیں کہ اللہ انہیں خوش رکھے۔

یہ بھی پڑھیں:ضامل کے کردار میں نمیر خان چھا گئے،مستقبل کا سپر اسٹار قرار

جمال شاہ کے مطابق ان کی اور فریال گوہر کی شادی تقریباً 5سال تک قائم رہی اور انہیں اس رشتے پر نہ کوئی پچھتاوا ہے اور نہ ہی کوئی تلخی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں باہمی رضامندی اور انتہائی مہذب انداز میں الگ ہوئے تھے۔ جمال شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے طویل عرصے تک احترام کی وجہ سے اپنی طلاق کے بارے میں میڈیا میں بات نہیں کی۔

اداکار نے مزید کہا کہ فریال گوہر کے لیے ان کی دعائیں آج بھی قائم ہیں اور وہ اپنی موجودہ فیملی کے ساتھ ایک پرسکون اور سادہ زندگی گزار رہے ہیں۔ جمال شاہ کا کہنا تھا کہ حالیہ بیانات کے بارے میں لوگ اپنی رائے قائم کرنے میں آزاد ہیں، تاہم وہ فریال گوہر کے بارے میں اپنی زبان سے کبھی کوئی نامناسب بات نہیں کریں گے۔

editor

Related Articles