نوجوانوں کیلئے سی ایم مریم نواز الیکٹرک بائیک سکیم، طلبہ کو سوا لاکھ سے زائد ای بائیکس ملیں گی

نوجوانوں کیلئے سی ایم مریم نواز الیکٹرک بائیک سکیم، طلبہ کو سوا لاکھ سے زائد ای بائیکس ملیں گی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوجوانوں کیلئے الیکٹرک بائیک سکیم کو مزید آسان اور وسیع کرنے کے اہم فیصلے کرتے ہوئے طلبہ کو سوا لاکھ سے زائد ای بائیکس فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے طلبہ سے ای بائیک کے حصول کیلئے ڈاؤن پیمنٹ وصول نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد طلبہ کیلئے بائیک کا حصول مزید آسان اور کم مالی بوجھ والا بنانا ہے۔

اضافی واجبات کی تجویز مسترد

وزیراعلیٰ پنجاب نے ماہانہ قسط کے علاوہ طلبہ سے دیگر واجبات وصول کرنے سے متعلق سفارشات بھی مسترد کردی ہیں، حکومت پنجاب ای بائیک پر انٹرسٹ اور انشورنس کے اخراجات بھی خود ادا کرے گی۔

3 ہزار روپے ماہانہ قسط

سکیم کے تحت طلبہ کیلئے ای بائیک کی ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں نئی الیکٹرک بائیک کی دھوم، قیمت اور ماڈلز سامنے آگئے

پورٹل اسی ہفتے کھولنے کا حکم

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ای بائیک سکیم کیلئے پورٹل اسی ہفتے کھولنے کا حکم دے دیا ہے، جس کے ذریعے اہل طلبہ سکیم میں درخواست دے سکیں گے۔

سکیم کا دائرہ وسیع

مریم نواز نے الیکٹرک بائیک سکیم کا دائرہ صرف طلبہ تک محدود رکھنے کے بجائے گورنمنٹ ملازمین، مختلف سرکاری محکموں اور ڈیلیوری بوائز تک بھی وسیع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ مفت

سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے وزیراعلیٰ کو سکیم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سکیم کے تحت ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کی جائے گی،سکیم کے تحت فراہم کی جانے والی الیکٹرک بائیکس میں لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری نصب ہوگی، جو جدید اور نسبتاً پائیدار بیٹری ٹیکنالوجی سمجھی جاتی ہے۔

مفت ڈرائیونگ ٹریننگ بھی ہوگی

الیکٹرک بائیک حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ کیلئے ڈرائیونگ کی 2 روزہ تربیت بھی مفت فراہم کی جائے گی، تاکہ نوجوان محفوظ انداز میں ای بائیک چلانے کے قابل ہو سکیں۔

6 ہفتوں میں بائیک کی فراہمی

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سکیم میں اہل قرار پانے والے طلبہ کو 6 ہفتوں کے اندر الیکٹرک بائیک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

یہ سکیم پنجاب میں نوجوانوں کیلئے سستی اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے، جس سے طلبہ اور دیگر مستحق افراد کو روزمرہ آمدورفت میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔

editor

Related Articles