پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، آئی ٹی اور انسداد دہشتگردی سمیت اہم معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، آئی ٹی اور انسداد دہشتگردی سمیت اہم معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور دیگر مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔

معاہدوں پر دستخط کی تقریب کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر نے بھی شرکت کی،مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کرغز جمہوریہ کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

لاہور اور اوش جڑواں شہر

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے،انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ثقافتی تعاون میں اضافہ کیا جائے گا۔

دہشتگردی کے خلاف تعاون

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کریں گے،دونوں ممالک نے انسداد دہشتگردی کے شعبے میں باہمی تعاون مزید بڑھانے اور مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں :بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کے لیے کرغزستان کو پاکستانی بندرگاہیں دینے کے لیے تیار ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

نجی شعبے کو فروغ

شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت دینے میں معاونت کریں گے،انہوں نے کہا کہ کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کیلئے نئے مواقع پیدا کرکے دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیا جائے گا۔

موسمیاتی تبدیلی پر اتفاق

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کیلئے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق رائے ہوا،دونوں ممالک نے اس شعبے میں مشترکہ اقدامات اور تجربات کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔

تعلیم اور ٹیکنالوجی میں تعاون

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے نوجوانوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

کاسا توانائی منصوبے پر پیش رفت

وزیراعظم نے کاسا توانائی منصوبے سے متعلق معاہدے کو آگے بڑھانے کیلئے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو بھی خوش آئند قرار دیا،انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے اہم پیش رفت کی توقع ہے۔

تجارت 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کیلئے کاروباری قوانین اور طریقہ کار کو مزید آسان بنائیں گے،دونوں ممالک باہمی تجارت کا حجم 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں، جس کیلئے نجی شعبے کے روابط مضبوط کرنے اور تجارتی مواقع میں اضافہ کرنے پر کام کیا جائے گا۔

برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے،،انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں ہونے والے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہیں، جن سے تجارت، توانائی، ٹیکنالوجی، ثقافت اور دیگر شعبوں میں باہمی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

editor

Related Articles