بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مالی امداد حاصل کرنے والی مستحق خواتین کے لیے مفت موبائل سم کے حوالے سے اہم ہدایت جاری کردی ہے۔ حکام کے مطابق مفت ’بے نظیر سم‘ حاصل کرنے کی آخری تاریخ 10 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
بی آئی ایس پی حکام نے مستحق خواتین کو ہدایت کی ہے کہ جنہوں نے ابھی تک مفت موبائل سم حاصل نہیں کی، وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر یا متعلقہ مرکز سے رجوع کرکے سم کے حصول کا عمل مکمل کریں۔
حکام کے مطابق مفت سم فراہم کرنے کا مقصد مستحق خواتین کو مالی امداد کی رقم کی ترسیل کو مزید شفاف اور محفوظ بنانا ہے۔ مستحقین کو سم کی تصدیق اور اپنے ڈیوائس کے ساتھ اس کے منسلک ہونے کا ضروری عمل بھی مکمل کرنا ہوگا۔
بی آئی ایس پی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ جو مستحق خواتین مقررہ تاریخ تک مفت سم حاصل نہیں کریں گی، ان کے لیے بے نظیر کفالت پروگرام کی سہ ماہی قسط کی رقم کی منتقلی میں رکاوٹ پیش آسکتی ہے۔
پروگرام حکام نے مستحق خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر جلد از جلد مفت سم حاصل کرنے کا عمل مکمل کریں تاکہ آئندہ مالی امداد کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بی آئی ایس پی کی جانب سے مستحقین کو ’سم حاصل کریں، رقم وصول کریں‘ کے اصول کے تحت بروقت کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ مفت سم کے حصول کے لیے صرف متعلقہ بی آئی ایس پی مراکز سے رجوع کیا جائے اور کسی غیر متعلقہ فرد یا ایجنٹ کو ذاتی معلومات، شناختی دستاویزات یا دیگر حساس کوائف فراہم نہ کیے جائیں۔