کنگ چارلس سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ملاقات، محسن نقوی سے کرکٹ اور امن و امان پر گفتگو

کنگ چارلس سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ملاقات، محسن نقوی سے کرکٹ اور امن و امان پر گفتگو

پاکستان کرکٹ ٹیم نے برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سے شاہی خاندان کی تاریخی رہائش گاہ کلیئرنس ہاؤس میں ملاقات کی، جہاں برطانوی بادشاہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے غیر رسمی گفتگو کی۔

ملاقات میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کنگ چارلس نے محسن نقوی سے پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے علاوہ انسداد دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر کی پاکستان کی کوششوں کی تعریف

ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر نے بھی کنگ چارلس سے گفتگو کی اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے امن و امان اور دیگر شعبوں میں محسن نقوی کے کردار کو بھی سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا ترین فیصلہ، فیلڈ میں نہیں بلکہ ایک ’خراب پرنٹر‘نے میزبان ٹیم کو میچ ہروا دیا

ملاقات انتہائی مفید رہی، محسن نقوی

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے اسے انتہائی مفید قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کنگ چارلس نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ملاقات کے دوران کرکٹ کے فروغ سمیت مختلف امور پر مثبت گفتگو ہوئی۔ کنگ چارلس سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنا دورہ برطانیہ مکمل کرلیا اور وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔

Related Articles