پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ ہلاک افراد میں سے ایک کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 3 ایس ایم جیز، ایک پستول، ہینڈ گرینیڈز، موبائل فونز، 3 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے، دہشتگردوں کے زیر استعمال 2 موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہلاک دہشتگرد کی جیب سے افغان تذکرہ ملا ہے جو کنڑ، افغانستان سے تعلق رکھنے والے امان خان ولد علی خان کے نام پر جاری کیا گیا تھا۔ تاہم دیگر ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران کچھ دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، جن کی گرفتاری کے لیے بڈھ بیر اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب کرائم سین یونٹ اور بم ڈسپوزل یونٹ (BDU) نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔