پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے مسلسل دوسرے روز بھی پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 3 ستمبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 29 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 343 روپے 87 پیسے سے بڑھ کر 346 روپے 16 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 11 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 370 روپے 92 پیسے سے بڑھ کر 372 روپے 03 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی ردوبدل، پیٹرول مہنگا، ڈیزل سستا

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 3 ستمبر 2026 تک ایک روز کے لیے ہوگا۔ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال کے باعث حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

واضح رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 12 مرتبہ کمی اور 18 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 10 مرتبہ کمی اور 20 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز یکم ستمبر کو بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 08 پیسے اضافے کے بعد 343 روپے 87 پیسے مقرر کی گئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 پیسے اضافے کے بعد 370 روپے 92 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

31 اگست کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول 77 پیسے مہنگا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 1 روپے 03 پیسے سستا کردیا تھا۔ اس ردوبدل کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 342 روپے 79 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 370 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی۔

اس سے قبل 28 اگست کو حکومت نے اگلے 3 روز کے لیے 31 اگست تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کیا تھا۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 58 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 17 پیسے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 342 روپے 02 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 371 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

Related Articles