3 گھنٹے کا پہاڑی سفر چند منٹوں میں تبدیل، بچوں کے لیے پہاڑی پر لفٹ تعمیر

3 گھنٹے کا پہاڑی سفر چند منٹوں میں تبدیل، بچوں کے لیے پہاڑی پر لفٹ تعمیر

چین کے ایک پہاڑی علاقے میں اسکول جانے والے بچوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے بنائی گئی منفرد بیرونی لفٹ کی مقبولیت کے بعد اب اسی مقام پر دوسری لفٹ بھی تعمیر کردی گئی ہے۔

نِژوہے گرینڈ کینین میں 2022 میں 268 میٹر بلند چنگیون لیڈر لفٹ تعمیر کی گئی تھی۔ اس کا مقصد نِژوہے گاؤں کے بچوں کو دشوار گزار پہاڑی راستے سے نجات دلانا تھا۔ اس لفٹ کی تعمیر سے پہلے بچوں کو گہری وادی سے گوانژائی ولیج پرائمری اسکول پہنچنے کے لیے خطرناک پہاڑی راستے پر تقریباً تین گھنٹے پیدل سفر کرنا پڑتا تھا۔

بچے ہر3 ہفتے بعد اسکول جانے کے لیے یہ مشکل سفر کرتے تھے، تاہم لفٹ نے ان کا سفر کئی گھنٹوں سے کم کرکے چند منٹ تک محدود کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:صرف چند منٹوں میں آسمان کا رنگ بدل گیا، چین میں حیرت انگیز منظر

سیاحوں کی بڑی تعداد، بچوں کو بھی انتظار کرنا پڑا

بچوں کے لیے بنائی گئی یہ لفٹ بعد میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بھی بن گئی۔ بڑی تعداد میں سیاح یہاں پہنچنے لگے جس کے باعث لفٹ پر رش بڑھ گیا۔ صورتحال یہاں تک پہنچ گئی کہ بعض اوقات اسکول جانے والے بچوں کو بھی لفٹ استعمال کرنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا تھا۔ بچوں اور سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رش کو دیکھتے ہوئے اب پہلی لفٹ کے ساتھ ایک اور لفٹ تعمیر کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایک ڈاک ٹکٹ یا اربوں کا خزانہ؟ قیمت جان کر ہوش اڑ جائیں گے

288 میٹر بلند دوسری لفٹ بھی تیار

نئی لفٹ کو فُویاؤ پینورامک لفٹ کا نام دیا گیا ہے، جو تقریباً 288 میٹر بلند ہے۔ نئی لفٹ کے فعال ہونے کے بعد مسافروں کے انتظار کا وقت تقریباً نصف رہ گیا ہے، جس سے اسکول جانے والے بچوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی سہولت ملنے کی امید ہے۔

یوں بچوں کو خطرناک پہاڑی راستوں پر گھنٹوں سفر کرنے کے بجائے چند منٹ میں پہاڑ پر پہنچنے کی سہولت میسر آگئی ہے، جبکہ سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رش کو بھی دوسری لفٹ کے ذریعے سنبھالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

editor

Related Articles