اٹلی نے پاکستانی طلبہ کو اسٹڈی ویزا کے حصول کے لیے جعلی یا مشکوک دستاویزات جمع کرانے سے خبردار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی کسی بھی کوشش کے نتیجے میں ویزا درخواست مسترد ہونے کے ساتھ مستقبل میں ویزا حاصل کرنے کے امکانات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں قائم اطالوی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں پاکستانی طلبہ کو خصوصی طور پر دستاویزات کی تیاری اور جمع کرانے کے معاملے میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سفارتخانے کے مطابق حالیہ عرصے میں اسٹڈی ویزا کی درخواستوں کے ساتھ جعلی اور مشکوک دستاویزات جمع کرانے کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اطالوی سفارتخانے نے طلبہ کو متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی جعلی دستاویز فراہم کرنے یا مشکوک طریقہ اختیار کرنے سے گریز کیا جائے۔ سفارتخانے کے مطابق اگر درخواست کے ساتھ جعلی دستاویزات منسلک پائی گئیں تو درخواست فوری طور پر مسترد کی جا سکتی ہے، جبکہ اس اقدام کے مستقبل میں جمع کرائی جانے والی ویزا درخواستوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :اٹلی کے یانک سنر نے مسلسل دوسری بار ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کر لیا
اٹلی میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی اسناد اور دیگر ضروری دستاویزات ویزا درخواست کا اہم حصہ ہیں۔ سفارتخانے کی جانب سے دستاویزات کی درستگی اور مستند ہونے پر زور دیا گیا ہے تاکہ ویزا درخواست کے عمل میں کسی قسم کی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔
اسٹڈی ویزا کے لیے اہم طریقہ کار
اطالوی یونیورسٹی میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کو سب سے پہلے یونیورسٹالی کے ذریعے اپنی پری انرولمنٹ مکمل کرنا ہوگی۔ پری انرولمنٹ کی تصدیق کے بعد ویزا درخواست کے اگلے مرحلے کے لیے متعلقہ ادارے کی جانب سے طالب علم سے رابطہ کیا جائے گا اور اسٹڈی ویزا کے لیے اپائنٹمنٹ طے کی جائے گی۔
سفارتخانے نے طلبہ کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ عام شینگن یا ورک ویزا کی درخواستوں کی طرح اپنی طرف سے اسٹڈی ویزا کی اپائنٹمنٹ بک کرنے کی کوشش نہ کریں۔
ویزا اپائنٹمنٹ کے نام پر فراڈ سے بھی خبردار
اطالوی سفارتخانے نے ویزا اپائنٹمنٹ کے نام پر ہونے والے مبینہ فراڈ سے بھی پاکستانی شہریوں کو خبردار کیا ہے۔ سفارتخانے کے مطابق بعض غیر قانونی ایجنٹ مبینہ طور پر رقم کے عوض ویزا اپائنٹمنٹ فراہم کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں۔
سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ ویزا اپائنٹمنٹ خریدنے کی کوئی ضرورت نہیں اور شہری ایسے عناصر کے جھانسے میں نہ آئیں۔ اگر کوئی فرد یا ایجنسی رقم لے کر اپائنٹمنٹ فراہم کرنے کی پیشکش کرے تو اس معاملے کی فوری طور پر اطالوی سفارتخانے کو اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :روزگار کے سلسلہ میں اٹلی جانے کے خوہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم خبر
اٹلی کے لیے مختلف نوعیت کی ویزا درخواستیں جمع کرانے کے سلسلے میں بی ایل ایس ویزا درخواست مراکز بھی قائم ہیں، جہاں مختصر مدت کے شینگن، خاندانی ملاپ اور ورک ویزا سے متعلق درخواستیں جمع کرائی جاتی ہیں۔ یہ مراکز اسلام آباد، لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں موجود ہیں۔
سفارتخانے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ویزا درخواست اور اپائنٹمنٹ کے معاملے میں صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ جعلی ایجنٹوں اور غیر قانونی طریقوں سے نہ صرف مالی نقصان کا خطرہ ہے بلکہ ویزا درخواست بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
اطالوی سفارتخانے کے مطابق ویزا کے حصول کے لیے شفاف اور قانونی طریقہ اختیار کرنا ہی محفوظ راستہ ہے، جبکہ جعلی دستاویزات یا غیر قانونی ایجنٹوں کے ذریعے درخواست جمع کرانے کی کوشش مستقبل کے لیے بھی مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔


