آج سے طوفانی بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

آج سے طوفانی بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ملک کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بالائی علاقوں میں 3 سے 5 ستمبر کے دوران بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات کے دوران 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوچکے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بالائی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔ ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، خضدار اور ان سے ملحقہ علاقوں میں بارش کے ساتھ گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 4 اور 5 ستمبر کو بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ مزید مضبوط ہوسکتا ہے، جس کے باعث بارش کی شدت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے، اس لیے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :راولپنڈی، اسلام آباد میں مسلسل دوسرے روز بارش،ندی نالوں میں طغیانی،رین ایمر جنسی نافذ

محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور شدید بارش کے دوران کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو بھی تیز ہواؤں کے باعث نقصان پہنچ سکتا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کھلے مقامات یا کمزور تعمیرات کے قریب جانے سے گریز کریں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں حالیہ موسلا دھار بارشوں نے مختلف علاقوں میں نقصان پہنچایا ہے۔ بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں۔

حکام کے مطابق شدید بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 9 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 4 مکانات مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 41 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

بارشوں سے متعلق حادثات بونیر، مردان، مہمند اور شانگلہ میں پیش آئے۔ ان واقعات کے بعد ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیوں کے لیے متحرک کیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :بارش کے باعث بجلی کی بندش، آئیسکو نے وضاحت جاری کردی

قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ ادارے کی جانب سے بارشوں کے دوران شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے نئے بارشی سلسلے کی پیشگوئی کے باعث بالخصوص بلوچستان کے بالائی علاقوں میں شہریوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا میں پہلے ہی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے بعد مزید بارشوں کی صورت میں کمزور مکانات، پہاڑی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب آبادیوں کے لیے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

متعلقہ اداروں نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ندی نالوں اور سیلابی ریلوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کر یں

editor

Related Articles