ملک بھر میں شہریوں کو تیار پاسپورٹس کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کے روز بھی کھلے رہیں گے۔ نئی سہولت کا مقصد ان شہریوں کو آسانی فراہم کرنا ہے جو معمول کے دفتری اوقات میں اپنے تیار پاسپورٹس وصول کرنے کے لیے متعلقہ دفتر نہیں پہنچ پاتے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کے روز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک شہریوں کے لیے کھلے رہیں گے۔ اس دوران وہ افراد اپنے تیار پاسپورٹس وصول کرسکیں گے جنہیں پاسپورٹ تیار ہونے کی اطلاع موصول ہوچکی ہے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز پاسپورٹ کی فراہمی کی یہ خصوصی سہولت دو ماہ تک جاری رہے گی۔ اس اقدام کے ذریعے شہریوں کو معمول کے ورکنگ ڈیز کے علاوہ ہفتہ کے دن بھی اپنے پاسپورٹس حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہفتہ وار اضافی سہولت بالخصوص ان شہریوں کے لیے مفید ثابت ہوگی جو ملازمت، کاروبار یا دیگر مصروفیات کے باعث ہفتے کے دوران پاسپورٹ وصول کرنے کے لیے دفتر نہیں آسکتے۔ ایسے شہری اب ہفتہ کے روز مقررہ اوقات میں متعلقہ پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹر سے اپنا تیار پاسپورٹ حاصل کرسکیں گے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے تیار پاسپورٹس جلد از جلد وصول کریں اور بلاوجہ تاخیر سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن شہریوں کے پاسپورٹس تیار ہوچکے ہیں انہیں اپنی سہولت کے مطابق مقررہ اوقات میں وصول کرلینا چاہیے۔
6 ماہ سے زائد تاخیر پر پاسپورٹ تلف کیے جاسکتے ہیں
دوسری جانب ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے واضح کیا ہے کہ ایسے پاسپورٹس جو 6 ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہیں کیے جاتےانہیں حکومتی پالیسی کے مطابق تلف کردیا جائے گا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پاسپورٹ تیار ہونے کے بعد اسے غیر ضروری طور پر دفتر میں زیر التوا نہ رکھیں اور مقررہ مدت کے اندر اپنا پاسپورٹ وصول کرلیں۔
حکام کے مطابق ہفتہ کے روز کاؤنٹرز کھولنے کا فیصلہ شہریوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنے اور تیار پاسپورٹس کی بروقت حوالگی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔