وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں ایف آئی اے کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
محسن نقوی نے انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے،انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
ایئرپورٹس کے کیمرے تبدیل کرنے کا فیصلہ
وفاقی وزیر داخلہ نے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کاؤنٹرز کے پرانے کیمروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ بھی کیا،شکایات کے اندراج کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے،جس کا مقصد شہریوں کو شکایات کے اندراج کے لیے مزید آسان اور مؤثر طریقہ فراہم کرنا ہے۔
گوجرانوالہ میگا نادرا سنٹر کا دورہ
محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں 24 گھنٹے فعال میگا نادرا سنٹر کا بھی دورہ کیا اور نادرا میگا سنٹر میں پاسپورٹ آفس کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا،اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں کی شکایات بھی سنیں اور بعض شکایات کا موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے فوری ازالے کے احکامات جاری کیے۔
پاسپورٹ آفس کا اچانک معائنہ
وفاقی وزیر داخلہ نے گوجرانوالہ کے ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا تو دفتر مقررہ وقت سے پہلے ہی بند پایا گیا،عملے نے شہریوں کا داخلہ بھی بند کر رکھا تھا جبکہ سہ پہر چار بجے ہی دفتر میں صفائی کا عمل شروع کردیا گیا تھا اور وہاں چھٹی کا سماں تھا۔
محسن نقوی کا شدید اظہار برہمی
ریجنل پاسپورٹ آفس گوجرانوالہ کی صورتحال پر محسن نقوی نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا،وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر میں سہولیات کی فراہمی اور مقررہ اوقات میں خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔