پوڈکاسٹ پر آنے کے لیے 10 ہزار ڈالر؟ سنیل منج پرسوشل میڈیا صارفین برہم

پوڈکاسٹ پر آنے کے لیے 10 ہزار ڈالر؟ سنیل منج  پرسوشل میڈیا صارفین برہم

پاکستان کے معروف کاروباری شخصیت اور پاک ویلز کے شریک بانی سنیل منج ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں، جہاں ان کی ایک مبینہ لیک آڈیو کال نے صارفین کو برہم کردیا۔

سنیل منج پاکستان میں آٹو موبائل ریویوز کے حوالے سے خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ ان کے’اونرز ریویو‘ اور گاڑیوں سے متعلق ویڈیوز کو بڑی تعداد میں صارفین دیکھتے ہیں اور گاڑی خریدنے والے افراد ان کی رائے کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔ تاہم حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر ایک  آڈیو کال وائرل ہو رہی ہے، جسے ایف ایچ ایم کے ایک پیج نے شیئر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ہانیہ عامر کی ڈھولکی تھیم برتھ ڈے پارٹی، نئی تصاویر سامنے آگئیں

وائرل آڈیو میں سنیل منج ایک ڈیجیٹل میڈیا ادارے کی ملازمہ سے پوڈکاسٹ میں شرکت کے لیے 10 ہزار ڈالر معاوضے کا مطالبہ کرتے سنائی دیتے ہیں۔ کال کے دوران  وہ خاتون سے ان کی تنخواہ کے بارے میں بھی سوال کرتے ہیں اور ان سے سخت لہجے میں گفتگو کرتے ہیں۔

آڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سنیل منج کے رویے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ سنیل منج خود کو ضرورت سے زیادہ اہمیت دے رہے ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ 10 ہزار ڈالر ایسے مانگ رہے ہیں جیسے کسی عالمی شہرت یافتہ شخصیت کو پوڈکاسٹ پر بلایا جا رہا ہو۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی کوک اسٹوڈیو میں کیا کمی ہے؟ عاطف اسلم نے کھل کر بتادیا

کچھ صارفین نے اس معاملے کو ماضی کے اس واقعے سے بھی جوڑا، جب سنیل منج فٹبال پر اپنے دستخط کرکے فروخت کرنے کے معاملے پر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آئے تھے۔

دوسری جانب بعض صارفین نے مطالبہ کیا کہ مبینہ آڈیو کال کا مکمل ورژن جاری کیا جائے تاکہ گفتگو کا پورا پس منظر سامنے آسکے اور صورتحال کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔ واضح رہے کہ وائرل آڈیو کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، اس لیے اس میں موجود دعوؤں کو حتمی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

editor

Related Articles