پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے ملازمین کے لیے مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کرتے ہوئے گریڈ 17 سے 20 تک کے افسران کو ان یونٹس کے عوض ماہانہ نقد ادائیگی کی منظوری دے دی گئی۔
پیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مفت بجلی یونٹس کی مونیٹائزیشن کی منظوری دیتے ہوئے مختلف گریڈز کے افسران کے لیے ماہانہ نقد ادائیگی کے نرخ جاری کر دیے ہیں۔
جاری اعلامیے کے مطابق گریڈ 17 کے افسران کو 450 مفت بجلی یونٹس کے عوض ماہانہ 15 ہزار 858 روپے، گریڈ 18 کے افسران کو 600 یونٹس کے عوض 21 ہزار 996 روپے ادا کیے جائیں گے۔
اسی طرح گریڈ 19 کے افسران کو 880 یونٹس کے عوض ماہانہ 37 ہزار 954 روپے جبکہ گریڈ 20 کے افسران کو 1100 یونٹس کے عوض 46 ہزار 992 روپے نقد ادا کیے جائیں گے۔
پیسکو کے مطابق مفت بجلی یونٹس کی مونیٹائزیشن کا اطلاق متعلقہ شرائط اور دیگر قواعد و ضوابط کے تحت ہوگا، جبکہ اس حوالے سے عمل درآمد وفاقی پاور ڈویژن کے احکامات کے مطابق کیا جائے گا۔
دوسری جانب گزشتہ ہفتے ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) نے بھی ملازمین کے لیے نئے پے اسکیلز اور مختلف الاؤنسز میں اضافے کی منظوری دی تھی، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیسکو ملازمین کو رننگ بیسک پے پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا، جبکہ بی پی ایس 1 سے 22 تک کے ملازمین کے لیے 15 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کا حساب 30 جون 2022 کی بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ فیصلے کے تحت کنوینس الاؤنس میں بھی 50 فیصد اضافہ منظور کیا گیا ہے۔