صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے، قومی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
یومِ دفاع و یومِ شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
متحد قوم کو شکست دینا ممکن نہیں
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ایک متحد اور پُرعزم قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، 6 ستمبر 1965 کا جذبہ ایک بار پھر آپریشن بنیان مرصوص کے دوران نمایاں ہوا۔
قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا
آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور ان معاملات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
یوم دفاع پر مسلح افواج کا شہدا کو خراج عقیدت، ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ
وزیراعظم کا افواج کو خراجِ تحسین
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دشمن کو یادگار جواب دیا
وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک فوج نے دشمن کو ایسا مؤثر جواب دیا جسے آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی،انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاکستانی افواج نے دشمن کو ہر محاذ پر شکست سے دوچار کیا۔
آپریشن بنیان مرصوص تاریخی باب
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے، جس نے قوم کے دفاعی عزم کو مزید مضبوط کیا۔
کشمیر کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا، ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔


