یوم دفاع پر شہداء کو خراج عقیدت، قومی یکجہتی مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی

یوم دفاع پر شہداء کو خراج عقیدت، قومی یکجہتی مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی

سپیکر پنجاب اسمبلی محمد احمد خان نے یوم دفاع کے موقع پر شہداء اور قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو فخر سے یاد کرتی ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی محمد احمد خان نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے، جو وطن کے دفاع کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء اور قومی ہیروز کی یاد دلاتا ہے۔

شہداء کو خراج عقیدت

محمد احمد خان نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت اور فخر کے ساتھ یاد رکھے گی،انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔

میجر عزیز بھٹی شہید کا ذکر

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے پاس میجر عزیز بھٹی شہید جیسے عظیم سپوتوں کی مثال موجود ہے،ان کا کہنا تھا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانی دی اور ان کا نام ہمیشہ قومی تاریخ میں زندہ رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں :یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ایم ایم عالم کو خراج تحسین

محمد احمد خان نے قومی ہیرو ایم ایم عالم کو بھی خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے کہا کہ ایم ایم عالم نے اپنی شاندار کارکردگی سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، جبکہ ان کے کارناموں کا تذکرہ آج بھی تاریخ کے روشن باب کے طور پر کیا جاتا ہے۔

1965 کی جنگ

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں بھارت نے پاکستان کو فتح کرنے کے ارادے سے جنگ مسلط کی،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے عزائم ناکام بناتے ہوئے بھارتی فوج کو پیچھے دھکیل دیا اور بھارت کو واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

17 روز تک جنگ

محمد احمد خان کے مطابق 1965 کی جنگ 17 روز تک جاری رہی،ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں مذاکرات اور تاشقند معاہدے کے نتیجے میں جنگ کا اختتام ہواسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 1971 کی جنگ کے واقعات بھی پاکستان کی قومی تاریخ کا حصہ ہیں،انہوں نے کہا کہ قومی تاریخ کے مختلف ادوار سے سبق سیکھتے ہوئے ملک کے دفاع اور استحکام کیلئے قومی اتحاد کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ

محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف مسلسل جنگ لڑ رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد نے جانوں کی قربانیاں دیں۔

ہر طبقہ متاثر ہوا

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی نے معاشرے کے ہر طبقے کو متاثر کیا،انہوں نے کہا کہ طلبہ اور معصوم بچوں سمیت عام شہری دہشت گردی کا نشانہ بنے، جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اس جنگ میں قربانیاں دیں۔

مساجد اور مزارات بھی نشانہ بنے

محمد احمد خان نے کہا کہ دہشت گردی کے دوران مساجد میں عبادت کرنے والے نمازیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،ان کا کہنا تھا کہ مزارات اور درباروں پر جانے والے زائرین بھی دہشت گردی کے واقعات کا شکار ہوئے۔

بے مثال قربانیاں

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں،انہوں نے کہا کہ یوم دفاع ان تمام شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک کے امن اور سلامتی کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔

ففتھ جنریشن وارفیئر

محمد احمد خان نے کہا کہ موجودہ دور میں جنگ صرف میدان جنگ تک محدود نہیں رہی،ان کا کہنا تھا کہ ففتھ جنریشن وارفیئر کے ذریعے بھی پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور ملک کے خلاف پروپیگنڈا اور اثراندازی کے شواہد موجود ہیں۔

قومی اتحاد کی ضرورت

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور دفاع وطن کے جذبے کو مزید مضبوط کرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ قوم اگر اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ تمام چیلنجز کا مقابلہ کرے تو پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

editor

Related Articles