پاکستان کی مارشل آرٹس کھلاڑی فاطمہ نسیم نے ایک منٹ میں 340 پنچز لگا کر بھارتی کھلاڑی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرا لیا۔
فاطمہ نسیم نے ہاتھوں میں انڈے پکڑ کر ایک منٹ میں 340 پنچز لگائے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی کھلاڑی دبیا جیوتی سرکار کے پاس تھا، جنہوں نے ایک منٹ میں 331 پنچز لگائے تھے۔
فاطمہ نسیم نے اسٹریچنگ کیٹیگری میں بھی گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے دو کرسیوں کے درمیان اسٹریچنگ کرتے ہوئے ایک منٹ 45 سیکنڈ تک اپنا توازن برقرار رکھا اور عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
پاکستان کے لیے 10 عالمی ریکارڈ بنانے والی پہلی خاتون
فاطمہ نسیم کے اس نئے اعزاز کے بعد گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے تسلیم کیے گئے ان کے عالمی ریکارڈز کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ وہ پاکستان کے لیے 10 عالمی ریکارڈ بنانے والی پہلی خاتون کھلاڑی بھی بن گئی ہیں۔