آزاد کشمیر میں 100 روزہ اصلاحاتی پلان، وزیراعظم افتخار گیلانی کا بڑا اعلان

آزاد کشمیر میں 100 روزہ اصلاحاتی پلان، وزیراعظم افتخار گیلانی کا بڑا اعلان

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی پلان کے اہداف، مجوزہ روڈ میپ اور اس پر عملدرآمد کے لیے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ 100 روزہ اصلاحاتی پلان عوامی خدمت اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے حکومت کا واضح لائحہ عمل ہے،مسلم لیگ ن کی حکومت آزاد کشمیر میں ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے وژن اور وزیراعظم شہباز شریف و مریم نواز کے تعاون سے آزاد کشمیر کو ترقی کی نئی سمت میں آگے لے کر جائیں گے، حکومت صوبہ پنجاب کی طرز پر تیز رفتار ترقیاتی عمل کو فروغ دینے اور عوامی ضروریات سے جڑے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم انتشاری کمیٹی کی آزاد کشمیر میں 9 ستمبر کو شٹر ڈاؤن کی کال، تاجروں کو دکانیں کھولنے پر دھمکیاں

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح ایسے ترقیاتی منصوبے ہوں گے جن کے فوائد طویل انتظار کے بجائے مختصر مدت میں براہ راست عوام تک پہنچ سکیں، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کے ثمرات ہر گھر تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ نواز شریف کا وژن ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر شہری تک پہنچانا ہے اور آزاد کشمیر میں بھی اسی سوچ کو عملی شکل دی جائے گی، مسلم لیگ ن کی قیادت کے تعاون سے آزاد کشمیر کو ترقی یافتہ، خوشحال اور جدید خطے میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے مزید بتایا کہ مسلم لیگ ن کی آزاد کشمیر حکومت جلد 100 روزہ ٹرانسفارمیشن پروگرام کا باقاعدہ آغاز کرے گی، جس کے تحت اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کو مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔

Related Articles