ایجبسٹن کا میدان پاکستان کیلئے چیلنج،قومی کرکٹ ٹیم تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار

ایجبسٹن کا میدان پاکستان کیلئے چیلنج،قومی کرکٹ ٹیم تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ بدھ 9 ستمبر سے برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا، جہاں پاکستان آج تک انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

میزبان انگلش ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، تاہم قومی ٹیم کی نظریں آخری ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز کا اختتام فتح کے ساتھ کرنے پر ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم میں شامل کسی بھی کھلاڑی نے ایجبسٹن میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔ کپتان بابر اعظم 65، شان مسعود 49 اور فاسٹ بولر محمد عباس 32 ٹیسٹ میچوں کا تجربہ رکھتے ہیں اور انگلینڈ کا ایک سے زائد مرتبہ دورہ بھی کرچکے ہیں، تاہم ایجبسٹن میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کا تجربہ ان کے پاس بھی موجود نہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :انگلینڈ کے خلاف تیسرا ٹیسٹ، پاکستان کا نیا پلان تیار، قومی ٹیم برمنگھم پہنچ گئی

برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک 8 ٹیسٹ میچ کھیلے جاچکے ہیں، جن میں انگلینڈ کو واضح برتری حاصل رہی ہے۔ پاکستان اس میدان پر ایک بھی ٹیسٹ اپنے نام نہیں کرسکا۔

ایجبسٹن میں پاکستان نے اپنا پہلا ٹیسٹ مئی، جون 1962 میں جاوید برکی کی قیادت میں کھیلا تھا۔ ٹیڈ ڈیکسٹر کی قیادت میں انگلش ٹیم نے اس میچ میں پاکستان کو ایک اننگز اور 24 رنز سے شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان جون 1971 میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔ اس میچ میں انتخاب عالم کی قیادت میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 608 رنز بنائے تھے۔ پاکستانی بیٹر ظہیر عباس نے 467 گیندوں پر 274 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جو آج بھی ایجبسٹن میں کسی پاکستانی بیٹر کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :دورہ بنگلا دیش سے قبل قومی کرکٹ ٹیم میں بڑی سرجری، اہم نام اسکواڈ سے باہر

پاکستانی ٹیم کے لیے ایجبسٹن کا تیسرا ٹیسٹ کئی حوالوں سے اہم ہوگا۔ سیریز پہلے ہی انگلینڈ کے نام ہوچکی ہے، تاہم قومی ٹیم آخری میچ جیت کر نہ صرف سیریز میں وائٹ واش سے بچنا چاہے گی بلکہ ایجبسٹن میں پہلی ٹیسٹ فتح کا طویل انتظار بھی ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔

دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بعد ایجبسٹن میں بھی کامیابی حاصل کرکے پاکستان کے خلاف سیریز 0-3 سے اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔

editor

Related Articles