ایپل کے نئے آئی فون کی لانچ سے چند روز قبل آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی ہینڈز آن ویڈیو سامنے آگئی، جس میں نئے رنگوں کی جھلک نے صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
جی ایس ایم ایرینا کے مطابق لیک ہونے والی ویڈیو میں آئی فون 18 پرو میکس کو ڈارک چیری جبکہ آئی فون 18 پرو کو بلیو رنگ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ حالیہ لیکس اور رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو سیریز کو ڈارک چیری، بلیک اور اسکائی بلیو رنگوں میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ڈارک چیری رنگ کو بعض رپورٹس میں برگنڈی بھی کہا جارہا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہی رنگ اس سال پرو ماڈلز کی سب سے نمایاں شناخت بن سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے ڈیزائن میں آئی فون 17 پرو سیریز کے مقابلے میں کوئی بڑی تبدیلی متوقع نہیں۔ تاہم نئے رنگ خاص طور پر ڈارک چیری صارفین کو نئے آئی فون کی جانب متوجہ کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سستا چارجر یا مہنگا نقصان؟ فون کی بیٹری کے لیے اہم مشورہ
رنگوں کے علاوہ نئے آئی فونز کے کیمرا اور ہارڈ ویئر میں بھی اہم تبدیلیوں کی اطلاعات ہیں۔ دونوں پرو ماڈلز میں ویری ایبل ایپرچر والا نیا مین کیمرا، اے 20 پرو چپ، نیا موڈیم اور قدرے بڑی بیٹری دیے جانے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔



