سستا چارجر یا مہنگا نقصان؟ فون کی بیٹری کے لیے اہم مشورہ

سستا چارجر یا مہنگا نقصان؟ فون کی بیٹری کے لیے اہم مشورہ

اگر آپ اپنے اسمارٹ فون کے لیے نیا چارجر خریدنے کا سوچ رہے ہیں تو مارکیٹ میں مختلف قیمتوں اور خصوصیات والے کئی چارجرز دستیاب ہیں۔

کمپنی کا اصل چارجر عموماً زیادہ مہنگا ہوتا ہے، اسی لیے بہت سے لوگ کم قیمت تھرڈ پارٹی چارجر خرید لیتے ہیں۔ یہ چارجر بظاہر تیز چارجنگ کی سہولت بھی دیتے ہیں، لیکن ہر سستا چارجر محفوظ نہیں ہوتا۔

سستے چارجر کا اصل مسئلہ کیا ہے؟

ماہرین کے مطابق ناقص معیار کے چارجر میں وہ ضروری حفاظتی پرزے موجود نہیں ہوتے جو فون کو مستحکم اور محفوظ انداز میں بجلی فراہم کرنے کے لیے ضروری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایپل کا بڑا کارنامہ، ’آئی او ایس 27‘ میں ایک ہی فون نمبر کو دو آئی فونز پر چلانے کا فیچر متعارف

اگر چارجر مسلسل درست وولٹیج فراہم نہ کرے تو فون کی بیٹری پر اضافی دباؤ پڑ سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں بیٹری کی کارکردگی اور گنجائش وقت کے ساتھ متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ غیر مستحکم وولٹیج فون کے چارجنگ پورٹ کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے، جبکہ زیادہ گرمی پیدا ہونے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

کیا صرف فون کمپنی کا چارجر ہی استعمال کرنا ضروری ہے؟

ایسا ضروری نہیں کہ آپ ہمیشہ اسی کمپنی کا چارجر خریدیں جس کمپنی کا فون آپ استعمال کررہے ہیں۔ آج کل زیادہ تر اسمارٹ فونز میں یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ استعمال ہوتی ہے اور کئی معروف کمپنیوں کے چارجرز مختلف ڈیوائسز کے ساتھ کام کرسکتے ہیں۔ تاہم چارجر اور کیبل خریدتے وقت کسی معتبر اور معیاری کمپنی کا انتخاب کرنا بہتر ہے۔

فون کا سسٹم سستے چارجر سے خود کو بچا سکتا ہے

موجودہ دور کے بیشتر اسمارٹ فونز میں بیٹری مینجمنٹ اور چارجنگ کے لیے مختلف حفاظتی نظام موجود ہوتے ہیں۔ یہ نظام فون کو غیر مناسب چارجنگ سے بچانے کی کوشش کرتے ہیں اور بعض صورتوں میں غیر معیاری چارجر کے ساتھ چارجنگ کی رفتار بھی کم کردیتے ہیں۔ لیکن فون کا حفاظتی نظام ہر ناقص چارجر کے خطرے کو ختم نہیں کرسکتا۔

یہ بھی پڑھیں:گلیکسی صارفین کی دلچسپ سہولت ختم، سام سنگ نے دو ایپس بند کرنے کا اعلان کردیا

خراب کیبل بھی مسئلہ بن سکتی ہے

اگر چارجر یا کیبل کا معیار خراب ہو یا کیبل کو نقصان پہنچ چکا ہو تو چارجنگ کے دوران فون یا چارجر زیادہ گرم ہوسکتا ہے۔ اسی لیے صرف چارجر ہی نہیں بلکہ اچھی معیار کی کیبل کا استعمال بھی ضروری ہے۔

چارجر خریدتے وقت کیا کریں؟

فون کے لیے چارجر خریدتے وقت صرف کم قیمت کو ترجیح دینے کے بجائے اس کے معیار، حفاظتی خصوصیات اور اپنے فون کی مطلوبہ چارجنگ سپیڈ کو ضرور دیکھیں۔ چند روپے بچانے کے لیے انتہائی سستا اور غیر معیاری چارجر خریدنا مستقبل میں فون کی بیٹری یا چارجنگ پورٹ کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔ بہتر یہی ہے کہ کسی معروف اور قابل اعتماد کمپنی کا معیاری چارجر اور کیبل استعمال کی جائے۔

editor

Related Articles