لاہور کے علاقے جنوبی چھاؤنی کے بھٹہ چوک میں نجی بینک میں دن دہاڑے ہونے والی ڈکیتی کا ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس نے واردات میں ملوث ملزم کو ایک نجی سوسائٹی سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم سبحان کا اس سے قبل کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا اور اس نے مبینہ طور پر پب جی گیم میں ملنے والے ٹاسک سے متاثر ہو کر بینک ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی۔
واقعے کے دوران ملزم کار میں سوار ہو کر بھٹہ چوک کے قریب نجی بینک میں داخل ہوا اور اسلحہ نکال کر سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا لیا۔ ملزم نے دوسرے سیکیورٹی گارڈ سے بھی اس کا اسلحہ رکھوا لیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکو بینک کے کیش کاؤنٹر سے 7 لاکھ 26 ہزار روپے نقدی اور سیکیورٹی گارڈز کے 2 ہتھیار لے کر فرار ہوگیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پوری واردات تقریباً 9 منٹ میں مکمل ہوئی۔ سیف سٹی اور آپریشنز ونگ کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کیا۔
ڈی آئی جی کے مطابق گرفتار ملزم غیر ملکی شہری ہے جو 16 ستمبر کو پاکستان آیا تھا۔ وہ اس سے قبل بھی برطانیہ سے پاکستان آچکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اس بار والدین سے جھگڑے کے بعد پاکستان آیا تھا اور ویڈیو گیم سے متاثر ہو کر اس نے واردات کا منصوبہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے واردات کے بعد کرائے کی گاڑی حاصل کرکے اسلام آباد جانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا، تاہم اس سے پہلے ہی اسے گرفتار کرلیا گیا۔ فیصل کامران کے مطابق ملزم نے بینک ڈکیتی میں استعمال ہونے والا اسلحہ سیالکوٹ سے خریدا تھا۔