دنیا بھر میں روزانہ کروڑوں افراد ٹرینوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں اور اس دوران انہیں مختلف ریلوے اسٹیشنز پر وقت گزارنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
کچھ اسٹیشنز مسافروں کو معمولی لگتے ہیں، کچھ اپنی سہولیات کی وجہ سے پسند آتے ہیں، جبکہ بعض اپنی خوبصورتی اور منفرد طرز تعمیر کے باعث ہمیشہ کے لیے یاد رہ جاتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کا سب سے خوبصورت ریلوے اسٹیشن کس ملک میں موجود ہے؟
پریکس ورسائی کے سالانہ انٹرنیشنل آرکیٹیکچر ایوارڈز میں 2026 کے خوبصورت ترین ریلوے اسٹیشنز کی فہرست جاری کردی گئی ہے، جس میں آسٹریلیا، فرانس، اٹلی، سعودی عرب اور امریکا کے اسٹیشنز شامل ہیں۔ اس فہرست میں مجموعی طور پر 7 ریلوے اسٹیشنز کو ان کے منفرد ڈیزائن، تخلیقی انداز اور مقامی ثقافت سے جڑے تعمیراتی عناصر کی وجہ سے شامل کیا گیا۔
فہرست میں پہلے نمبر پر آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں واقع ٹاؤن ہال اسٹیشن رہا۔ اس اسٹیشن کا وسیع و عریض ڈیزائن، کیتھیڈرل سے مشابہ تعمیراتی انداز، بڑے پلیٹ فارمز اور تانبے سے بنی چھتیں اسے دیگر اسٹیشنز سے منفرد بناتی ہیں۔
فرانس کا لیون کا پار دیواسٹیشن دوسرے نمبر پر
فرانس کے شہر لیون کا لیون کا پار دیو اسٹیشن فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا۔ اس اسٹیشن میں کمیونٹی اسپیسز، فرانس کی سب سے بڑی سائیکل پارکنگ اور آرٹ گیلری سمیت مختلف سہولیات موجود ہیں، جنہوں نے اسے دنیا کے خوبصورت ترین اسٹیشنز میں جگہ دلائی۔
روم کا تاریخی اسٹیشن تیسرے نمبر پر
اٹلی کے دارالحکومت روم کا کولوسیو فُوری امپیریالیاسٹیشن تیسرے نمبر پر رہا۔ اس اسٹیشن کو ایسا ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہاں سے گزرنے والا سفر محض آمدورفت تک محدود نہیں رہتا بلکہ مسافر شہر کی تاریخ اور ثقافت سے بھی جڑ جاتا ہے۔
اٹلی کے شہر نیپلز کا مونٹ سینٹ اینجلو اسٹیشن چوتھے نمبر پر رہا۔ سعودی عرب کے ریاض میں واقع ویسٹرن اسٹیشن اور نیشنل میوزیم اسٹیشن بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ دونوں سعودی اسٹیشنز کے ڈیزائن میں صحرائی ٹیلوں سے متاثر تعمیراتی انداز نمایاں ہے۔
امریکا کا اسٹیشن ساتویں نمبر پر
امریکی شہر لاس اینجلس کا ایل اے ایکس میٹرو ٹرانزٹ سینٹراس فہرست میں ساتویں نمبر پر رہا۔ یوں 2026 کی اس فہرست میں مختلف ممالک کے ایسے ریلوے اسٹیشنز کو نمایاں کیا گیا ہے جہاں سفر کے ساتھ ساتھ فن تعمیر، مقامی ثقافت اور عوامی سہولیات کو بھی خاص اہمیت دی گئی ہے۔