امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو برطانیہ میں ایک نوجوان کی جان لینے والے جنگلی جانور کے حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد شدید تنقید کا سامنا ہے۔ معاملہ اس وقت مزید زیر بحث آگیا جب انہوں نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ اسی درندے کے ساتھ کُشتی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے شہر ڈونکاسٹر کے یارکشائر وائلڈ لائف پارک میں 23 سالہ ولیم چیپ مین کی ہلاکت کے واقعے کی ویڈیو ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دوبارہ شیئر کی۔
متوفی نوجوان کے اہل خانہ اور مقامی پولیس کی جانب سے پریشان کن فوٹیج نشر نہ کرنے کی اپیل کے باوجود امریکی صدر نے 41 سیکنڈ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی۔ اس میں ایک بڑے جنگلی جانور کو نوجوان پر حملہ کرتے اور اسے زمین پر گراتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹرمپ نے اس ویڈیو کے ساتھ تبصرہ بھی کیا:’قدرت کے ساتھ کبھی مت الجھیں‘ اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی گئی اور بعض افراد نے اسے نوجوان کے اہل خانہ کے لیے تکلیف دہ قرار دیا۔
بعد ازاں ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ایک فرضی ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں اسی درندے کے ساتھ کُشتی کرتے، اسے زمین پر گراتے اور پھر مسکراتے ہوئے گلے لگاتے دکھایا گیا ہے۔
اس دوسری ویڈیو نے تنازع کو مزید بڑھا دیا اور سوشل میڈیا پر صارفین نے اس اقدام پر سوالات اٹھائے۔ ناقدین کے مطابق ایسے افسوس ناک واقعے سے متعلق حقیقی فوٹیج کے بعد مزاحیہ یا خیالی ویڈیو شیئر کرنا متاثرہ خاندان کے جذبات کو ٹھیس پہنچا سکتا ہے۔