منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کو مزید 2 مقدمات سے بری کرکے عدالت نے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے منشیات اور سہولت کاری کے مقدمات میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواست منظور کر لی ہے۔
پراسیکیوشن ملزمہ کے خلاف مزید 2 مقدمات میں شواہد پیش کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی، جس سے ملزمہ کو ریلیف مل گیا اور عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کر دیا۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ اگر ملزمہ کسی اور مقدمے میں نامزد نہیں ہے تو اسے فوراً رہا کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ ملزمہ کو اب تک 5 مقدمات میں بری کیا جا چکا ہے، انمول عرف پنکی اس کے خلاف 2018 میں سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
انمول عرف پنکی کا نام کراچی میں مبینہ منشیات فروشی کے نیٹ ورک سے متعلق پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائیوں کے بعد نمایاں ہوا۔ مئی 2026 میں ان کی گرفتاری کی خبر سامنے آئی تھی، انھیں پولیس بیان کے مطابق 12 مئی کو کراچی کے علاقے گارڈن میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
حکام نے ان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد ہونے کا دعویٰ کیا، جبکہ انمول نے پولیس کے دعوؤں کی تردید کی اور الزام لگایا کہ انھیں کراچی منتقل کرنے سے پہلے لاہور میں حراست میں رکھا گیا تھا۔