پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے ٹی وی ڈراموں سے دوری اختیار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اب ان کی توجہ اداکاری کے بجائے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی منصوبوں پر مرکوز ہے۔
عمران عباس نے ’نور العین‘، ’میری ذات ذرہ بے نشاں‘، ’خدا اور محبت‘، ’کوئی چاند رکھ‘ اور ’احرام جنون‘ سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری سے شہرت حاصل کی۔ انسٹاگرام پر ان کے تقریباً 86 لاکھ فالوورز ہیں۔
حال ہی میں اداکار نے مشی خان کے مارننگ شو میں فون کال کے ذریعے شرکت کی، جہاں انہوں نے ٹیلی ویژن سے وقفہ لینے کے بارے میں گفتگو کی۔
عمران عباس کے مطابق وہ اب ٹی وی ڈراموں میں کام نہیں کر رہے اور انہوں نے اداکاری چھوڑ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور پیشے کے اعتبار سے آرکیٹیکٹ بھی ہیں، اسی لیے اسلام آباد میں تعمیراتی منصوبوں پر توجہ دے رہے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ وہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب ممتاز سٹی میں ’ایری‘ کے نام سے 12 منزلہ عمارت تعمیر کروا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل میں تقریباً ڈھائی سال لگیں گے۔ انہوں نے عمارت کے نام کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ایری اس جگہ کو کہتے ہیں جہاں شاہین رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سیف علی خان کی انسٹاگرام پر انٹری، پہلی فالوور کون نکلی
عمران عباس نے یہ بھی بتایا کہ وہ فلاحی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والدین اب اس دنیا میں نہیں رہے اور ان کی اپنی کوئی اولاد بھی نہیں، اس لیے وہ ایسے کام کرنا چاہتے ہیں جن کا فائدہ دوسروں کو پہنچے اور جو آخرت میں ان کے لیے باعثِ اجر بنیں۔
اداکار کے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ فی الحال ان کی ترجیحات میں تعمیراتی کاروبار اور فلاحی سرگرمیاں نمایاں ہیں، جبکہ ٹی وی ڈراموں میں واپسی کے حوالے سے انہوں نے کسی نئے منصوبے کا ذکر نہیں کیا۔