پاکستان کی ابھرتی ہوئی ویمن اسکواش کھلاڑی ماہ نور علی نے ملائیشیا جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
پشاور سے تعلق رکھنے والی علی سسٹرز کی بڑی بہن ماہ نور علی نے کوالالمپور کے نیشنل اسکواش سینٹر میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں بھارت کی پانچویں سیڈ کھلاڑی دیویانشی جین کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے دی۔
ماہ نور علی نے اپنی بھارتی حریف کو کوئی گیم جیتنے کا موقع نہیں دیا اور مسلسل تین گیمز میں کامیابی حاصل کرکے مقابلہ صفر کے مقابلے میں 3 گیمز سے اپنے نام کرلیا۔ پاکستانی کھلاڑی نے پہلا گیم 11 کے مقابلے میں 7 پوائنٹس سے جیتا، جبکہ دوسرے اور تیسرے گیم میں 11 کے مقابلے میں 6 پوائنٹس سے فتح حاصل کی۔
اس کامیابی کے ساتھ ماہ نور علی نے چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، جہاں ان کی نظریں فائنل تک پہنچنے اور پاکستان کے لیے مزید کامیابی حاصل کرنے پر ہوں گی۔
ماہ نور علی کی یہ کارکردگی پاکستانی جونیئر اسکواش کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے اور شائقین کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ وہ اگلے مرحلے میں کیسی کارکردگی دکھاتی ہیں۔