وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے 48 نمائندگان کی حتمی فہرست جاری کرتے ہوئے نئے کونسل ارکان کی نامزدگی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے تمام 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے 48 ارکان کے انتخاب کا عمل مقامی جرگوں کی باہمی مشاورت سے مکمل کیا گیا۔ اس سلسلے میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے تعاون سے جرگے منعقد کیے گئے، جن کا مقصد مقامی آبادی کی پسند اور اعتماد کے حامل باوقار افراد کو کونسل کی نمائندگی کے لیے نامزد کرنا تھا۔
جرگوں کے ذریعے نامزد کیے گئے کونسل ارکان کے ناموں کی ابتدائی پروسیسنگ ایڈیشنل چیف سیکریٹری و ایڈمنسٹریٹر علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ نے کی۔ بعدازاں ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے مشاورت کے بعد نامزد نمائندگان کی فہرست چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کردی۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے ناموں پر مزید کارروائی مکمل کرنے کے بعد فہرست گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوائی، جنہوں نے نامزد کونسل ارکان کے نام وفاقی حکومت کو ارسال کیے۔
وفاقی حکومت نے اس عمل کے بعد علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے 48 نمائندگان کے ناموں کی حتمی فہرست کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے چیئرپرسن شوکت اللہ خان ہیں، جن کا تعلق ضلع باجوڑ کے ترکانی قبیلے سے ہے۔