اسپین سے تعلق رکھنے والے ایک اسکیٹ بورڈر نے کینیڈا میں ڈھلوان پر اسکیٹنگ کرتے ہوئے 94.34 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی ہے کہ 27 سالہ ڈیاگو پونسیلیٹ نے ڈھلوان پر کھڑے ہوکر اسکیٹ بورڈ چلانے کی تیز ترین رفتار کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
انہوں نے کینیڈا کے صوبے کیوبیک کے علاقے شارلووکس میں روٹ دی ایبومینٹس کے ایک بند حصے پر یہ حیران کن رفتار حاصل کی ، ڈیاگو پونسیلیٹ نے ریکارڈ بنانے کے لیے اسی مقام کا انتخاب کیا جہاں اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ قائم کیا گیا تھا.
ان کے مطابق اپنی پہلی آزمائشی رن کے دوران 91.27 میل فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ رفتار حاصل کی تھی، جو ریکارڈ توڑنے کے لیے کافی تھی تاہم انہوں نے بہتر موسمی حالات کے انتظار میں مزید پانچ دن گزارے اور 22 ستمبر کو 94.34 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر لی۔
پونسیلیٹ کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی خود بھی پوری طرح تسلیم نہیں کیا تھا کہ میرا اصل ہدف 93 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنا ہے، کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ شاید ایسا کرنا ممکن نہ ہو۔
یہ ریکارڈ اسکیٹ بورڈنگ کی دنیا میں رفتار اور مہارت کی ایک غیر معمولی مثال ہے، جہاں ڈھلوان پر توازن برقرار رکھتے ہوئے اتنی تیز رفتاری حاصل کرنا انتہائی مہارت اور جرات کا تقاضا کرتا ہے ، اس کامیابی نے نہ صرف اسپین سے تعلق رکھنے والے اسکیٹ بورڈر کو عالمی توجہ دلائی بلکہ انتہائی کھیلوں میں انسانی صلاحیتوں کی نئی حدود بھی نمایاں کردیں۔