الیکٹرک گاڑی اور ورلڈ ریکارڈ ! چین نے ڈرفٹنگ میں تاریخ رقم کر دی

الیکٹرک گاڑی اور ورلڈ ریکارڈ ! چین نے ڈرفٹنگ میں تاریخ رقم کر دی

 چینی کار ساز کمپنی زیِکر نے اپنی الیکٹرک گاڑی کو ڈرفٹنگ کے ذریعے انتہائی تنگ راستے سے گزار کر گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریکارڈ متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظبی میں واقع یاس مرینا سرکٹ پر قائم کیا گیا ،  کمپنی کی نمائندگی کرنے والے ڈرائیور چیئن جوئی یو نے زیِکر 7 ایکس کو سائیڈ وے ڈرفٹنگ کرتے ہوئے ایک نہایت تنگ راستے سے گزارا ، اس دوران گاڑی اور راستے کے درمیان مجموعی طور پر صرف 25 سینٹی میٹر کا فاصلہ باقی رہا، یعنی ذرا سی چوک بھی گاڑی کو رکاوٹوں سے ٹکرا سکتی تھی۔

ریکارڈ کی پیمائش کے لیے ایک خاص طریقہ اپنایا گیا ، راستے کی کل چوڑائی میں سے گاڑی کی لمبائی منہا کی گئی اور جو فاصلہ باقی بچا، اسی کی بنیاد پر ریکارڈ کا تعین ہوا۔ اس طریقے سے یہ بات یقینی بنائی گئی کہ ڈرائیور کی مہارت اور گاڑی کے کنٹرول کو درست طور پر ناپا جا سکے۔

ڈرفٹنگ میں گاڑی کو پہیوں کی گرفت کھونے کے باوجود پوری طرح قابو میں رکھنا پڑتا ہے ،  عام طور پر یہ مہارت پٹرول انجن والی طاقتور گاڑیوں سے جوڑی جاتی ہے، تاہم الیکٹرک گاڑی کے ذریعے اتنے باریک مارجن پر ایسا کارنامہ دکھانا اس شعبے میں ایک نئی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : الیکٹرک گاڑی مالکان کیلئے اہم خبر، شیاؤمی کی نئی ’ڈریگن اسکیل‘ بیٹری نے حیران کردیا

زیِکر نے اس موقع کو اپنی پانچ سالہ کارکردگی کے جشن کے طور پر منایا ، اس حوالے سے  کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ریکارڈ اس کی گاڑیوں کی کارکردگی، کنٹرول اور جدید ٹیکنالوجی کا ثبوت ہے،  آٹو انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق ایسے ریکارڈ الیکٹرک گاڑیوں کے بارے میں اس تاثر کو بدلنے میں مدد دیتے ہیں کہ وہ صرف خاموش اور کفایتی سفر کے لیے موزوں ہیں۔

الیکٹرک گاڑیوں کی عالمی مارکیٹ میں چینی کمپنیاں تیزی سے اپنی جگہ بنا رہی ہیں، اور زیِکر کا یہ ریکارڈ اسی مسابقت میں برانڈ کی پہچان کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles