ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورتحال تبدیل ہونے لگی ہے، تاہم لاہور میں فضائی آلودگی نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں جبکہ بارشوں کے حوالے سے بھی محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہورمیں فضائی آلودگی کی شرح میں اضافہ
لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح ایک بار پھر بڑھ گئی ، شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) گزشتہ روز کے مقابلے میں 24 پوائنٹس بڑھ کر 221 تک پہنچ گیا جبکہ جی ٹی روڈ پر آلودگی کی شرح 385 ریکارڈ کی گئی ، جو فضائی معیار کی خراب صورتحال کی نشاندہی کرتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کی توقع ہے، جبکہ نمی کا تناسب 83 فیصد بتایا گیا ہے۔
فضائی آلودگی کے پیش نظر شہریوں کو چاہیے کہ وہ ہوا کے معیار سے متعلق تازہ معلومات پر نظر رکھیں بالخصوص حساس افراد، بچوں، بزرگوں اور سانس کے مسائل سے دوچار افراد کو آلودہ فضا میں غیر ضروری طور پر زیادہ دیر گزارنے سے گریز کرنا چاہیے۔
اسلام آباد میں درجہ حرارت بڑھ گیا
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں بڑھ کر 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، وفاقی دارالحکومت میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔ اسی طرح سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مری اور گلیات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات اور ان کے گردونواح میں دوپہر کے بعد مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے ، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ان علاقوں میں موسم کی صورتحال مقامی حالات کے مطابق مختلف رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ موسم اور فضائی آلودگی سے متعلق تازہ اطلاعات کے مطابق اپنی روزمرہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔