محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، کوہستان، مانسہرہ، سوات اور دیر میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان میں استور، داریل، دیامر اور تانگیر جبکہ آزاد کشمیر میں نیلم کے علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کی صورتحال
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہے گا ، موجودہ موسمی صورتحال کے تحت بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ موجود ہے جبکہ بلوچستان کے مغربی حصے میں موسمی کم دباؤ برقرار ہے۔
نیا موسمی نظام کب سے متوقع؟
24 ستمبر کو گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
25 ستمبر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے دوران گرم رہے گا تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے ہفتہ وار آؤٹ لک کے مطابق 24 ستمبر سے ملک کے بالائی علاقوں کو ایک نیا مغربی ہوائی سلسلہ متاثر کرسکتا ہے، تاہم 20 سے 26 ستمبر کے دوران مجموعی طور پر ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔