پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے تصدیق کی ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انٹیلی جنس پر مبنی 3 مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان 8 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کی اس بروقت اور مؤثر پیش قدمی کے نتیجے میں شاہراہوں کی بلاکنگ اور بڑی تباہ کاری کا منصوبہ ناکام ہو گیا ہے جبکہ 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز 17 اکتوبر بروز ہفتہ بھارتی پراکسی گروپ ’ فتنۃ الہندوستان ‘ کے دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کیے گئے۔
ضلع کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشتگردوں نے مقامی ٹریفک کی نقل و حرکت کو معطل کرنے اور ناکہ بندی کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں 5 بھارتی پروکسی دہشتگردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:آپریشن ردُّالفتنہ 3: نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک
دوسری کارروائی ضلع نوشکی میں سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران کی گئی جہاں فورسز نے دہشتگردوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کو تباہ کیا، اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح تیسرا آپریشن ضلع خضدار میں کیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی کمین گاہ پر جارحانہ حملہ کر کے 1 دہشتگرد کو ہلاک کیا جبکہ ان کے قبضہ سے 490 کلوگرام کا بھاری دھماکہ خیز مواد قبضے میں لے لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز تاحال جاری ہیں۔
ریاست کا ‘فتنۃ الہندوستان’ سے متعلق واضح مؤقف
ریاستِ پاکستان نے بلوچستان میں متحرک شدت پسند گروہوں کی پشت پناہی اور خطے میں عدم استحکام پھیلانے میں بھارت کے براہِ راست ملوث ہونے کے تمام تر ثبوت دنیا کے سامنے لاتے ہوئے انہیں باضابطہ طور پر ’ فتنۃ الہندوستان ‘ کا نام دیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قومی ایکشن پلان کی وفاقی اپیکس کمیٹی کی منظوری سے جاری ویژن ’ عزمِ استحکام ‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔
ترجمان کے مطابق بیرونی ممالک کی معاونت اور سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی اس لعنت کا ملک سے مکمل خاتمہ کر کے ہی دم لیا جائے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا خراجِ تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے 8 دہشتگردوں کے کامیابی سے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور افسران کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں تین مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران آٹھ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
صدر زرداری نے کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
صدرِ مملکت کا نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف مؤثر کارروائی اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر بھی سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
صدر نے خضدار میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنانے اور 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی تعریف کی۔
دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا: صدر
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) October 18, 2026


