امریکی ریاست ٹیکساس میں پرانے سامان کی فروخت سے خریدے گئے ڈبوں سے دوسری جنگِ عظیم کے دور کے فعال دستی بم برآمد ہونے پر شہریوں میں تشویش پھیل گئی۔
آسٹن پولیس ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کے روز ایک شہری نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس نے پرانے گھریلو سامان کی فروخت سے کچھ ڈبے خریدے تھے۔ بعد ازاں جب اس نے ڈبوں کی جانچ کی تو ان میں تقریباً 80 سال پرانے دستی بم موجود تھے۔
اطلاع ملنے پر آسٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کا بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچا، جہاں ماہرین نے معائنے کے بعد تصدیق کی کہ ڈبوں میں موجود دستی بم فعال تھے۔
پولیس نے خبردار کیا کہ کئی دہائیاں پرانے دھماکا خیز مواد کی موجودہ حالت اور استحکام کے بارے میں کچھ معلوم نہ ہو تو اسے سنبھالنا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل ٹیم نے تمام دستی بم بحفاظت اپنی تحویل میں لے کر جائے وقوعہ سے ہٹا دیے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔