گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے، خصوصاً پشاور کو تجاوزات سے پاک کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں کسی قسم کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔
گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پشاور میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مہم شروع کر دی گئی ہے اور وہ خود بھی اس کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کر چکے ہیں،انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ بھی اچانک دورے کیے جائیں گے تاکہ انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
گورنر نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی میں کسی کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے،ان کا کہنا تھا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت غیر قانونی طور پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ مہم صرف پشاور تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے خیبرپختونخوا میں جاری رکھی جائے گی،صفائی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں صفائی کا معیار بہتر بنانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں تاہم ان کے بقول گزشتہ 13 سال کے دوران جمع ہونے والی گندگی کو صرف تین دن میں صاف کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے،گورنر کے اعلان کے مطابق تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کی بہتری کے لیے جاری مہم میں انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا، جبکہ اچانک دوروں کا مقصد اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔